ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / تمل ناڈو میں شدید ٹرین حادثہ: مسافر ٹرین اور مال گاڑی کی ٹکر کے بعد آگ لگ گئی، 2 درجن سے زائد افراد زخمی

تمل ناڈو میں شدید ٹرین حادثہ: مسافر ٹرین اور مال گاڑی کی ٹکر کے بعد آگ لگ گئی، 2 درجن سے زائد افراد زخمی

Sat, 12 Oct 2024 12:14:52    S.O. News Service

چنئی، 12/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) تمل ناڈو میں جمعہ کی شب ایک خوفناک ٹرین حادثہ پیش آیا، جب بہار کی طرف جا رہی باگمتی ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔ اس تصادم کے نتیجے میں 6 ڈبے پٹری سے اتر گئے اور شدید ٹکر کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، اس حادثے میں کم از کم 2 درجن افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ ان کا علاج کیا جا سکے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ٹرین میسور سے پیرمبور ہوتے ہوئے بہار کے دربھنگہ جا رہی تھی۔ اسی دوران ٹرین کی تیرووَلور کے پاس کوارپّیٹّئی ریلوے اسٹیشن پر کھڑی مال گاڑی سے ہو گئی۔ یہ تصادم جمعہ کی شب تقریباً 8.30 بجے پیش آیا۔ اس کی خبر ملتے ہی ریلوے افسران جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ جائے حادثہ پر ایمبولنس اور این ڈی آر ایف کی ٹیمیں بھی پہنچ گئی ہیں۔

اس حادثہ کی کئی تصویریں اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہیں، جن میں پٹری سے اترے اور ایک طرف جھکے ہوئے ڈبے صاف دیکھے جا سکتے ہیں۔ کچھ تصویروں اور ویڈیوز میں آگ کا منظر بھی دکھائی دے رہا ہے۔ اس حادثہ میں فی الحال کسی ہلاکت کی خبر سامنے نہیں آئی ہے۔ زخمیوں کے فوری علاج کا انتظام کیا گیا ہے۔ حادثہ کی خبر ملتے ہی میڈیکل ریلیف وین اور ریسکیو ٹیم کو چنئی سنٹرل سے روانہ کیا گیا۔ جنوبی ریلوے کے جی ایم اور دیگر سینئر افسران بھی جائے حادثہ کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔ اس درمیان مسافروں اور ان کے اہل خانہ کے لیے ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ لوگ 04425354151 یا 04424354995 پر فون کر کے حادثہ سے متعلق جانکاری لے سکتے ہیں۔ ریلوے افسران نے فوری طور پر حادثہ کی جانچ بھی شروع کر دی ہے۔


Share: